ایلون مسک نے سیٹلائٹس، سوشل میڈیا ، ای وی وہیکلز اور اے آئی کے بعد اب ٹیلی کام انڈسٹری میں تہلکہ مچانے کی تیاری کر لی ہے۔ ان کی کمپنی اسپیس ایکس نے ایک ایسی ڈیل کی ہے، جو موبائل نیٹ ورک کا تصور بدل سکتی ہے۔
اسپیس ایکس 17 ارب ڈالر میں امریکی کمپنی ایکو اسٹار سے وائرلیس اسپیکٹرم لائسنس خریدنے کو تیار ہو گئی ہے۔ اس اسپیکٹرم کا استعمال اسٹار لنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کا دائرہ بڑھا کر موبائل کنیکٹیویٹی کو بھی اس میں شامل کرنے کے لیے کیا جائے گا۔
اس سے یہ قیاس لگائے جانے لگے ہیں کہ اسٹار لنک آگے چل کر موبائل کنیکٹیویٹی کے لیے 5 جی نیٹ ورک بھی شروع کر سکتی ہیں۔
ایلون مَسک کی اس منصوبہ بندی سے ویرائزون، اے ٹی اینڈ ٹی اور ٹی موبائل جیسی کمپنیوں کے پسینے چھوٹ گئے ہیں۔ کیونکہ فی الحال امریکا میں ان کمپنیوں کی بادشاہت ہے، لیکن اگر مَسک اس میدان میں داخل ہوتے ہیں تو ان کی مشکلات بڑھنے والی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا سب سے بڑا اثر دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں ہوگا۔ ابھی ان علاقوں میں موبائل نیٹ ورک محدود ہے، لیکن اگر اسٹار لنک موبائل نیٹ ورک لاتی ہے تو دور دراز کے علاقوں میں بھی کنیکٹیویٹی آسان ہو پائے گی۔
اسپیس ایکس اور ایکو اسٹار کی اس ڈیل کے تحت ایکو اسٹار کے صارفین کو اسٹار لنک کی ڈائریکٹ-ٹو-سیل سروس کی رسائی ملے گی۔ اس سے ان علاقوں میں بھی نیٹ ورک پہنچنے کے امکانات ہیں، جو اب نیٹ ورک سے دور ہیں۔ ایکو اسٹار کے سربراہ حمید اخوان نے کہا کہ اس ڈیل سے صارفین کو تیز اور سستی سیٹلائٹ سروس مل سکے گی۔
مَسک نے اس ڈیل کے بارے میں ایک پوڈکاسٹ مٰں کہا کہ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کہیں بھی بیٹھ کر اپنے فون پر ویڈیو دیکھ پائیں گے۔ ساتھ ہی جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ویرائزون سمیت کسی بڑی کمپنی کے حصول کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو انہوں نے اشارہ دیا کہ ایسا ہو سکتا ہے











