بالی ووڈ پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے نیٹ فلکس اور ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کی انتظامیہ کو 25 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کئی برس ٹی وی پر رنگ جمانے کے بعد اب نیٹ فلیکس پر دی گریٹ انڈین کپل شو کے نام سے پروگرام کرتے ہیں۔ حال ہی میں ایک ایپی سوڈ نے کپل شرما کے شو کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
دی گریٹ انڈین کپل شو کے تیسرے سیزن کی آخری قسط 20 ستمبر کو ریلیز کی گئی ۔ اس میں بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نظر آئے۔ اس پروگرام میں شو کے اداکار کیکو شاردا اور کرشنا ابھیشیک نے ایک چھوٹامزاحیہ خاکہ پیش کیا جس میں کیکو شاردا ’بابو راؤ‘ اور کرشنا نے سنیل شیٹی کا کردار ادا کیا۔ لیکن یہ خاکہ پروگرام کی انتظامیہ کے لیے برا خواب ثابت ہوا۔
مشہور مزاحیہ فلم ’ہیرا پھیری‘ فلم کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے نیٹ فلکس کے خلاف 25 کروڑ کا قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ان کا الزام ہے کہ شو میں پریش راول کے مشہور کردار ’بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے‘ ہیرا پھیری فرنچائزی کے مشہور کردار کا استعمال بغیر اجازت کے کیا گیا۔
فیروز ناڈیاڈوالا کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اس کردار کے جملہ حقوق ہیں اور یہ خاکہ ان کی اجازت کے بغیر پیش کیا گیا۔ کسی کو بھی بابو راؤ کے کردار کا غلط استعمال کر کے کمائی کا حق نہیں۔
بالی ووڈ پروڈیوسر نے اپنے بیان میں کہا کہ بابو راؤ صرف ایک کردار نہیں ہے، بلکہ فلم ہیرا پھیری کی جان ہے۔ ہماری اجازت کے بغیر کوئی اس کا غلط استعمال نہیں کر سکتا۔











