اہم ترین

ہمیں دہشت گردی اسپانسر کرنے والے ملک سے لیکچر کی ضرورت نہیں، پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت داخلی اور بین الاقوامی سطح پر ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب پر ردعمل میں انڈین سفارتکار پیتل گہلوت نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان پہلگام حملے میں ملوث’ریزسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کررہا ہے۔

بھارتی سفارت کار کے جواب میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی مدد، حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کے علاوہ خطے میں دہشت گردی کے اپنے خفیہ نیٹ ورکس کو مزید نہیں چھپا سکتا۔ اس کی منافقت کھل کر سامنے آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا پڑوسیوں کے ساتھ غنڈہ گردی ، علاقائی تعاون میں رکاوٹ ڈالتا، ماورائے عدالت قتل کے ذریعے تشدد کو بیرون ملک برآمد کرتا اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پراکسیز کو فنڈز فراہم کرتا ہے۔

صائمہ سلیم نے کہا کہ ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان)، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسی پراکسیز کے ذریعے کرائی گئی دہشت گردی سے نا صرف ہزاروں پاکستانیوں کی جان جا چکی ہے بلکہ عبادتگاہوں، درسگاہوں اور روزگار کے مقامات کو قتل و غارت کے مقامات میں تبدیل کیا گیا ہے۔

پاکستان