اہم ترین

انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس کا بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع

انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر کرس ووکس نے 36 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 2013 میں ڈیبیو کرنے والے کرس ووکس نے انگلینڈ کے لیے کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 217 بین الاقومی مقابلوں میں حصہ لیا۔

اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ووکس نے کہا کہ وہ لمحہ آ گیا ہے اور میں نے فیصلہ لیا ہے کہ میرے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا یہی صحیح وقت ہے۔

انہوں نےکہا کہ انگلینڈ کے لیے کھیلنا ایک ایسی چیز تھی، جسے میں تب سے کرنا چاہتا تھا جب میں ایک بچہ تھا اور گھر کے پیچھے باغیچہ میں خواب دیکھتا تھا۔ میں ان خوابوں کو جینے کے لیے ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔

کرس ووکس کا بین الاقوامی کرکٹ سفر 2013 سے شروع ہوا تھا، جب انہوں نے پہلی بار انگلینڈ کے لیے کھیلا تھا۔ انہوں نے ملک کے لیے 62 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں انہوں نے 192 وکٹ لیے اور 5 مرتبہ ایک اننگ میں 5 وکٹ حاصل کیں، ساتھ ہی 2034 رنز بھی بنائے جس میں ایک سنچری اور 7 نصف سنچری شامل ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے 132 ون ڈے میں 173 وکٹ حاصل کیے اور 6 نصف سنچری کے ساتھ 1524 رن بنائے۔ 33 ٹی 20 میں 31 وکٹ لیے اور 146 رن بنائے۔

ٹیم انڈیا کے خلاف کرس ووکس نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔ 26-2025 ایشیز سیریز کے لیے نومبر میں آسٹریلیا دورے پر جانے والی انگلینڈ ٹیم میں کرس ووکس کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔

ایشیز کے لیے ٹیم کے اعلان کے 6 روز بعد ہی کرس ووکس نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

پاکستان