اہم ترین

امریکی صدر ٹرمپ کا ایک اور ٹیرف بم: غیرملکی فلموں پر بھی 100 فیصد ٹیکس

امریکا کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک نیا ’ٹیرف بم‘ پھوڑ کر پوری دنیا کی شوبز انڈسٹری کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب امریکہا کے باہر بنی ہر فلم پر 100 فیصد ٹیرف یعنی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پرلکھا کہ امریکا کی فلم انڈسٹری کو دوسرے ممالک نے ہم سے ایسے چھین لیا ہے، جیسے کوئی کسی بچے سے ٹافی چھین لے۔

امریکی صدر کےحالیہ ٹیرف بم کے بعد ہالی ووڈ کے بڑے اسٹوڈیوز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ کیونکہ ہالی ووڈ کی کمائی کا بڑا حصہ غیر ملکی مارکیٹ سے آتا ہے۔ اگر یہ فیصلہ نافذ ہوتا ہے تو اس کا اثر دنیا بھر کے فلم سازوں اور ناظرین پر بھی پڑے گا۔

وارنر برادرزم ڈسکوری، کامکاسٹ، پیراماؤنٹ، اسکائی ڈانس اور نیٹ فلکس جیسی بڑی کمپنیوں نے اب تک اس پر کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا۔

حقیقت یہ ہے کہ آج فلمیں صرف امریکا میں نہیں بنتیں بلکہ ان کی شوٹنگ، فنڈنگ، پوسٹ پروڈکشن اور وی ایف ایکس کا کام دنیا کے مختلف ممالک میں ہوتا ہے۔

کئی ماہرین اس بات سے بھی حیران ہیں کہ غیر ملکی فلموں پر ٹیکس لگانے کا کوئی قانونی جواز موجود بھی ہے یا نہیں۔ فی الحال فلم انڈسٹری میں بے یقینی اور اضطراب کا ماحول ہے۔

یہ فیصلہ فلم انڈسٹری کے لیے بالکل نیا اور حیران کرنے والا ہے، جو نہ صرف ہالی ووڈ بلکہ پوری دنیا کی فلم انڈسٹری کو ہلا کر رکھ سکتا ہے۔

پاکستان