ٹیک کی دنیا کی دو بڑی کمپنیوں گوگل اور کوالکوم نے مل کر بڑی تیاری کر لی ہے۔ دونوں کمپنیوں نے تصدیق کی ہے کہ وہ اینڈرائیڈ کا پی سی ورژن لا رہی ہیں، جس کے بعد لیپ ٹاپ اور پی سی بھی اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چل سکیں گے۔
اب فون کی طرح لیپ ٹاپ بھی اینڈرائیڈ پر چلیں گے۔ گوگل نے اس کے لیے دھماکہ دار تیاری کر لی ہے اور اس کے لیے اس نے کوالکوم کے ساتھ ہاتھ ملالیا ہے۔
گوگل پہلے بھی کروم او ایس پاورڈ لیپ ٹاپ بنا چکی ہے، لیکن ونڈوز اور میک کے مقابلے میں یہ اپنی الگ شناخت نہیں چھوڑ پائے۔ اب اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ نئے لیپ ٹاپ لانے کی تیاری چل رہی ہے۔ ایسے میں کچھ لوگ یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں کہ کیا ونڈوز کے دن اب ہوچکے ہیں۔
گوگل نے تصدیق کی ہے کہ وہ اگلے سال اینڈرائیڈ کا پی سی ورژن لانے والا ہے، کمپنی کا پلیٹ فارم پہلے سے ہی فون، ٹی وی، واچز، اسمارٹ ہوم اور یہاں تک کہ گاڑیوں کے لیے بھی دستیاب ہے۔اینڈرائیڈ کا پی سی ورژن اس کے ایکو سسٹم کو مکمل کر دے گا۔
مانا جا رہا ہے کہ گوگل آئی او 2026 میں اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ایسا ہونے پر صارفین ایک ہی جگہ موبائل اور پی سی کا مزہ لے سکیں گے۔
اس حوالے سےٹیک ناقدین کا خیال ہے کہ گوگل ایک نیا پلیٹ فارم تیار کرے گی، جس کا انٹرفیس اینڈرائیڈ جیسا ہوگا اور اس میں کروم او ایس کا ملٹی ٹاسکنگ نیچر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ان دونوں کو ملا کر پی سی اور لیپ ٹاپ کے لیے ایک نیا آپریٹنگ سسٹم تیار کیا جائے گا۔
اس قدم سے گوگل کی کوشش ونڈوز کو ٹکر دینا ہے۔ تاہم یہ ایک مشکل چیلنج ہے۔ کیونکہ دنیا بھر کے کروڑوں کمپیوٹرز پر ونڈوز ہی انسٹال ہے۔ لوگوں کو ونڈوز چھوڑ کر اینڈرائیڈ پر لانا گوگل کے لیے بہت مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔











