انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے سنگجانی ریلی سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب، زرتاج گل اور شیخ وقاص اکرم کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
گزشتہ برس 8 ستمبر پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگجانی مویشی منڈی میں جلسے کا انعقاد کیا تھا جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ شام 7 بجے تک جلسہ ختم کردیا جائے۔ لیکن وقت پر جلسہ ختم ہونے کے باعث کئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار بھی گیا تھا۔
اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرہ نے سنگجانی ریلی کیس سے متعلق کیس کی سماعت کی، جہاں پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکلا سردار مصروف خان، آمنہ علی اور مرتضیٰ توری پیش ہوئے۔
جج طاہر عباس سپرہ نے عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کوئی بھی اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
بعد ازاں عدالت نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جب کہ سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔











