جدید ترین جنگی ساز و سامان بنانے والی امریکی کمپنی ریتھیون نے پاکستان کو فضا سے فضا میں درمیانے فاصلے پپر مار کرنے والے میزائل (امرام) فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق امریکی وزارتِ دفاع نے اعلامیےمیں کہا ہےکہ ریتھیون کے معاہدے میں 4 کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی ’ فِرم فکسڈ پرائس’ ترمیم کی منظوری دی گئی ہے، یہ ترمیم سی 8 اور ڈی 3 ماڈلز کے جدید اے ایم ریم میزائلوں کی پیداوار سے متعلق ہے۔
معاہدے میں ترمیم کے تحت پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو یہ میزائل خریدیں گے۔
امرام نامی یہ میزائل پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے ایف-16 طیاروں پر نصب کیے جاتے ہیں، فروری 2019 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مبینہ طور پر اسی میزائل سےمارگرائے تھے۔
امریکی دفاعی کمپنی کی جانب سے میزائلوں کی فروخت کے فیصلے کی صورت میں یہ پیش رفت پاکستان اور امریکا کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔











