پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھرمیں جعلی ویب سائٹس اور آن لائن جعلی نوکریوں سےمتعلق ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان میں ہزاروں افراد کاذریعہ معاش آن لائن فری لانسنگ ہے۔ ان فری لانسنگ کاموں میں ویڈیو ایڈیٹنگ اور فوٹو گرافی بھی ہے۔
جعلی ویب سائیٹ اور فری لانسنگ کام کی آڑ میں بھارت سمیت کچھ غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے نوجوانوں سے حساس مقامات کی ویڈیو ز ، تصاویر اور دیگر معلومات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن حکام کا کہناہےکہ کہ شہریوں کو لنکڈ اِن، جاب گلف اور ایسی ہی دیگر ویب سائٹس کے ذریعے ہدف بنایا جا رہا ہے۔ سروے یا تحقیق کا جھانسہ دے کر قومی منصوبوں کی تصاویر اور مقامات حاصل کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، یہ معلومات بعد ازاں ملک اور شہریوں کے خلاف استعمال ہو سکتی ہیں۔
اسی خدشے کے پیشِ نظر حکومتِ پاکستان نے حال ہی میں ایک الرٹ جاری کیا ہے جو شہریوں کے موبائل نمبروں پر بذریعہ ایس ایم ایس بھیجا گیا ہے اور ڈائل ٹون پر بھی سنایا جا رہا ہے۔











