سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے کری ایٹرز کے لئے نیا ایوارڈ پروگرام لانچ کیا ہے جس کا نام رنگز ایوارڈ رکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اپنے پلیٹ فارم پر تخلیقی مواد شیئر کرنے والے کری ایٹرز کو سراہنے کے لئے نیا ایوارڈ پروگرام لانچ کیا ہے جس کا نام رنگز ایوارڈ رکھا گیا ہے۔
رنگز ایوارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کسی طے شدہ کیٹیگری میں نامزدگی نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے انسٹاگرام 25 ایسے تخلیق کاروں کا انتخاب کرے گا جو اپنے کام میں تخلیقی صلاحیت، منفردیت اور جدت دکھاتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت منتخب کردہ 25 کانٹینٹ کری ایٹرز کو فیشن ڈیزائنر گریس ویلز بونرز کی ڈیزائن کی گئی خاص انگوٹھیاں دی جائیں گی۔
اس ایوارڈ کے ساتھ کوئی نقد انعام نہیں دیا جائے گا لیکن فاتحین کو اس کی ایک ڈیجیٹل کاپی بھی ملے گی جسے وہ اپنے انسٹاگرام پروفائل اور اسٹوریز میں پیش کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ فاتحین کو ایک خصوصی فیچر بھی ملے گا جس میں وہ اپنے پروفائل کے پس منظر کے رنگ کو ایک منفرد گریڈینٹ اسٹائل میں بنا سکیں گے۔
انسٹاگرام کی ڈائریکٹر ایوا چین نے کہا کہ انتخاب کا عمل کافی سخت تھا۔ ہم ایسے لوگوں کی تلاش میں تھے جو اپنے مواد کے ذریعے نئی سوچ لاتے ہیں اور ناظرین سے مختلف طریقے سے جڑتے ہیں۔
جیوری اور نتائج کی تاریخ
اس ایوارڈ کی انتخابی کمیٹی میں کئی مشہور شخصیات شامل ہیں، جیسے کہ گریس ویلز بونر، انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم میزری ، ٹیک یوٹیوبر ایم کے بی ایچ ڈی ، اداکارہ یارا شاہدی ، ہدایتکار اسپائیک لی ، ڈیزائنر مرک جیکبز، فنکار کاوز، میک اپ آئیکن پیٹ مک گرا ، پیسٹری شیف کیڈرک گرولے، ایتھلیٹ ایلونا ماہر ، پروڈیوسر ٹائنی ، ٹریول فوٹوگرافر مراد عثمان اور ایوا چین پر مشتمل جیوری ہزاروں نامزدگیوں میں سے ٹاپ 25 فاتحین کا انتخاب کرے گی.
کب ہوگا اعلان؟
انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ وہ اس ایوارڈ کو ہر سال منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے. اس سال کے فاتحین کا اعلان 16 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
ایوا چین کا کہنا ہے کہ ہم یہ دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں کہ لوگ اسے کیسے قبول کرتے ہیں اور اسے جیتنے والوں کا کیا ردعمل ہوگا۔ یہ ایوارڈ نہ صرف تخلیق کاروں کی تخلیقی صلاحیت کو عزت دیتا ہے، بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ انسٹاگرام اب اپنے پلیٹ فارم کو خاص بنانے کی سمت بڑھ رہا ہے.











