تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈا پور سے بحیثیت وزیر اعلیٰ جبری استعفے کے بعد شہریار آفریدی کو صوبے کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت دہشت گردی کی بدترین صورتحال ہے۔ اس سال ریکارڈ واقعات ہوئے اور اس کی مثال نہیں ملتی۔بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اورکزئی کے واقعے پر عمران خان بہت افسردہ ہیں اور کہا ہے کہ اب کوئی چارہ نہیں کہ میں یہ تبدیلی کروں۔ عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں وفاقی حکومت نے غلط پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت خود کو اس پالیسی سے دور کرے۔
پارٹی جنرل سیکریٹری کے مطابق عمران خان امید کرتے ہیں سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ بننے سے ایک نئی شروعات ہو گی۔ جرگے اور قبائل سے معاونت حاصل کی جائے گی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کے مطابق ہم نے جس طریقے سے افغان مہاجرین کو پاکستان بدر کیا اس سے ایسی نفرت بوئی ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہم نے وہاں کی حکومت سے کوئی تعلق نہیں رکھا۔
انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جب وزیر خارجہ رہے تو وہ اس دوران ایک بار بھی کابل نہیں گئے۔ اشرف غنی حکومت کے ساتھ ہم نے تعلق رکھا اور حکمت عملی کے باعث ہم نے دہشت گردی نہیں ہونے دی تاہم اب خیبرپختونخوا حکومت وفاقی حکومت اور ایجنسیوں کی پالیسی سے خود کو دور نہیں کر سکی۔











