فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی فوج ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے انڈیا کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ انڈیا کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور فوری جواب دیا جائے گا۔
کور کمانڈر کانفرنس نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ اور غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کا عزم بھی کیا۔
آرمی چیف نے غیرملکی حمایت یافتہ اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کے جذبے،عزم اور حوصلے کو سراہا اور سیلابی صورتحال میں امدادی اور بحالی سرگرمیوں میں بھی فوج کے کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پاک فوج کی اعلیٰ ترین قیادت نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا ایک جامع جائزہ لیا اور توثیق کی کہ مسلح افواج تمام شعبوں میں پاکستان کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔سیاسی سرپرستی میں کی جانے والی دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجودہ گٹھ جوڑکو مزید جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔











