اہم ترین

پاکستان کی بحری تاریخ کا نیا سنگ میل: سب سے بڑا کنٹینر جہاز لنگر انداز

پاکستان کی بحری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل اُس وقت عبور کیا گیا جب دنیا کے جدید اور بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شمار ہونے والا ایم ایس سی مِکول کراچی میں واقع ہچیسن پورٹس پاکستان پر کامیابی سے لنگر انداز ہوا۔

یہ جہاز 400 میٹر طویل ہے اور اس میں 24 ہزار 70 ٹی ای یو کنٹینرز کی گنجائش ہے، جو کہ اب تک پاکستان آنے والا سب سے بڑا کنٹینر جہاز ہے۔ اس جہاز کی آمد نہ صرف ملک کے بڑھتے ہوئے بندرگاہی انفراسٹرکچر کی مظہر ہے بلکہ پاکستان کی بحری صلاحیتوں کی ترقی کا ثبوت بھی ہے۔

ہچیسن پورٹس پاکستان ملک کا واحد گہرے پانی والا کنٹینر ٹرمینل ہے، جہاں اس جہاز کی بروقت اور محفوظ برتھنگ کو یقینی بنا کر اپنے آپریشنل معیار اور مہارت کا عملی مظاہرہ کیا گیا ہے۔

ادارے کے ترجمان کے مطابق ایسے بڑے جہازوں کی آمد پاکستان کو عالمی تجارتی نقشے پر مزید مضبوط مقام دلانے میں مدد دے گی۔ یہ کامیابی نہ صرف پورٹ آپریشنز کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔

ایم ایس سی مِکول کی آمد کے ساتھ پاکستان اب اُن ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو سپر میگا کنٹینر جہازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان