اہم ترین

لاہور ٹیسٹ: جیت کے لئے جنوبی افریقا کو 226 رنز ، پاکستان کو 8 وکٹیں درکار

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا تیسرا روز ختم ہو گیا ہے اور اب تک جنوبی افریقا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا لیے ہیں۔ اس طرح جیت کے لئے جنوبی افریقا کو 226 رنز جبکہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکار ہیں

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرےدن جنوبی افریقا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز 216 رنز اور چھ کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ باقی ماندہ کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 53 رنز کا اضافہ کرسکے۔ اور پوری ٹیم 269 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقا کی طرف سے ٹونی ڈی زورزی نے 104 رنز بنائے جبکہ ریان ریکلٹن نے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چھ جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی اور سلمان علی آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی دوسری اننگز

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 109 رنز کی برتری کے ساتھ کیا۔ لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح پاکستان کوجنوبی افریقا کے خلاف 276 رنز کی برتری حاصل تھی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 42 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، عبداللہ شفیق 41 اور سعود شکیل 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

جنوبی افریقا کی دوسری اننگز

جنوبی افریقا نے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پیش قدمی شروع کی تو اس کی دو وکٹیں جلد ہی گر گئیں ۔

کپتان ایڈن مارکر 3 اور ویان مولڈر صفر پر پویلین لوٹ گئے، دونوں وکٹیں نعمان علی کے نام رہیں۔

دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنزبنالئے ہیں ۔ ریان ریکلٹن 29 اور زورزی 16 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔

جنوبی افریقا کو فتح کے لئے 226 جب کہ پاکستان کو 8 وکٹوں کی ضرورت ہے۔

پاکستان