بالی وڈ اداکار منوج باجپئی کا ایک ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جس میں انہیں ایک سیاسی جماعت کی حمایت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی مداحوں کے درمیان حیرت کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم اب اداکار نے خود اس ویڈیو کی حقیقت واضح کرتے ہوئے اس قسم کی باتوں کی حقیقت بتادی ہے۔
منوج باجپئی نے وضاحت کی کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور اسے ایڈٹ کر کے اس طرح پیش کیا گیا ہے جیسے وہ کسی سیاسی پارٹی کی حمایت کر رہے ہوں۔
منوج باجپئی نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا:میں عوامی طور پر یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا کسی بھی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ویڈیو دراصل پرائم ویڈیو کے لیے بنائے گئے ایک اشتہار کا جعلی، پیچ اپ ایڈٹ ورژن ہے۔ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس طرح کے گمراہ کن مواد کو نہ پھیلائیں اور نہ اس کی حوصلہ افزائی کریں۔
اداکار کے اس وضاحتی بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ایک صارف نے لکھا کہ اچھا ہوا آپ نے وضاحت کر دی، لوگوں کو ایسی ایڈٹ کی گئی کلپس پر یقین کرنے سے پہلے تصدیق کرنی چاہیے۔
ایک دوسرے صارف نے کہا کہ اسی لیے سیلیبریٹیز اب اپنے چہرے اور آواز کے حقوق کو قانونی طور پر محفوظ کر رہے ہیں۔
جبکہ ایک اور صارف نے مشورہ دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آپ بھی اکشے، ابھیشیک اور ایشوریا کی طرح اپنے چہرے اور آواز کو ٹریڈ مارک کر لیں۔











