اہم ترین

معمر قذافی کے بیٹے کی ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کے عوض 10 سال بعد ضمانت

لبنان کی ایک عدالت نے لیبیا کے سابق مقتول رہنما معمر قذافی کے سب سے چھوٹے بیٹے ہنیبعل قذافی کی ایک کروڑ10 لاکھ امریکی ڈالر کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا ہے۔ ہنیبعل قذافی کو گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے بغیر کسی باقاعدہ مقدمے کے لبنان میں حراست میں رکھا گیا تھا۔

لبنانی سرکاری نیوز ایجنسی “نیشنل نیوز ایجنسی” کے مطابق یہ فیصلہ امام موسیٰ الصدر کے اغوا اور لاپتہ ہونے سے متعلق کیس میں سنایا گیا ہے۔ امام موسیٰ الصدر 1978 میں لیبیا کے دورے کے دوران اچانک غائب ہو گئے تھے۔ ان کے ہمراہ ایک صحافی اور معاون بھی لاپتہ ہو گئے تھے، اور تب سے ان کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

عدالتی فیصلے میں ہنیبعل قذافی پر سفری پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں، تاہم ان کے وکیل لوراں بایوں نے اس فیصلے کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تنقید کی ہے۔

اے ایف پی سے گفتگو کے دوران لوراں بایوں نے کہا کہ ان کا مؤکل بین الاقوامی پابندیوں کی زد میں ہے اور اس کے پاس اتنی خطیر رقم نہیں ۔ وہ 11 ملین ڈالر کہاں سے لائے؟۔

یاد رہے کہ ہنیبعل قذافی کو 2015 میں لبنان میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ امام موسیٰ الصدر کی گمشدگی سے متعلق معلومات چھپا رہے ہیں۔ یہ معاملہ آج بھی لبنان میں عوامی اور سیاسی سطح پر انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے۔

معمر قذافی کی حکومت کو 2011 میں بغاوت کے دوران ختم کر دیا گیا تھا۔ امام موسیٰ الصدر کی گمشدگی کے باعث لبنان اور لیبیا کے تعلقات میں مستقل تناؤ رہا ہے۔

پاکستان