اہم ترین

مضبوط عضلات موٹاپے سے اندرونی اعضا کا نقصان کم کر سکتے ہیں: برطانوی تحقیق

برطانوی محققین کے ایک نئے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ مضبوط عضلات رکھنے والے افراد میں موٹاپے سے ہونے والے دل، جگر اور گردوں کے نقصانات کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہوسکتا ہے۔

جرنل آف کلینیکل اینڈوکرائنولوجی اینڈ میٹابولزم میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق مضبوط گرفت رکھنے والے فربہ افراد میں موٹاپے سے متعلق بیماریوں اور قبل از وقت موت کا امکان کم پایا گیا۔

مطالعے میں برطانیہ کی یو کے بائیو بینک سے 93 ہزار سے زائد افراد کے 13 سال کا طبی ڈیٹا شامل کیا گیا۔

نتائج میں دیکھا گیا گیا کہ جیسے جیسے ہاتھوں کی گرفت مضبوط ہوئی، شرکاء میں موٹاپے سے وابستہ بیماریوں کا خطرہ واضح طور پر کم ہوا۔ سیاہ فام افراد، خواتین اور غیر تمباکو نوش افراد کو مضبوط عضلات سے سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عضلاتی طاقت جسم میں سوزش کے خلاف مزاحمت کو بہتر بنا سکتی ہے، جو موٹاپے سے منسلک بیماریوں کی بڑی وجہ ہے۔

تحقیقی ٹیم نے نتیجہ اخذ کیا کہ ابتدائی مرحلے کے موٹاپے میں عضلاتی طاقت اور حجم میں اضافہ نہایت اہم ہے۔تاہم یہ مطالعہ صرف تعلق ظاہر کرتا ہے، وجہ اور اثر کا حتمی ثبوت نہیں دیتا۔ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ نتائج کی تصدیق کی جا سکے۔

امریکا کے پیننگٹن بائیومیڈیکل ریسرچ سینٹر سے وابستہ ماہر اور تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر یون شین کے مطابق ہمارے مطالعاتی نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ عضلات کی طاقت ایک مؤثر ابتدائی اشارہ ہے جو یہ بتا سکتی ہے کہ کن افراد کو موٹاپے سے اعضا کی خرابی کا زیادہ خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ ہاتھوں کی گرفت کی طاقت آسانی سے ناپی جا سکتی ہے اور ورزش کے ذریعے بہتر بھی کی جا سکتی ہے، اس لیے یہ خطرے میں مبتلا افراد کی شناخت اور بروقت علاج کے لیے ایک کم خرچ اور عملی طریقہ ہو سکتا ہے ۔

پاکستان