فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کرتا ہوں نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کے لیے گنجائش نہیں، پاکستان کے ساتھ بنیادی مسائل کو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کریں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور اینٹی گریٹڈ کورس مکمل کرنے والوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارتی جارحیت کے خلاف قوم پہلے سے زیادہ متحد اور یک زبان ہوئی، اللّٰہ اور قوم کی مدد سے اپنی زمین کا ایک انچ بھی نہیں لینے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی کامیابی نے ہمارے ماضی کی شاندار اور باوقار فتوحات کی یادوں کو تازہ اور مزید مضبوط کیا ہے، پاکستان ایک بار پھر ایک مکار دشمن پر فتح یاب ہوا، جو اسٹریٹجک اندھا پن، سادہ لوحی، تکبر اور اپنے گمراہ کن برتری کے خوابوں میں مبتلا تھا۔بھارت کی الزام تراشی، غیرجانبدار تحقیقات سے گریز اور خود ساختہ شواہد پر انحصار اس بات کی علامت ہے کہ اس نے دہشت گردی کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے، دشمن پاکستانی افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنا چاہتا ہے، ہم شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے بے حد شکر گزار اور مقروض ہیں، شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں، آپ شہداء کے وارث ہیں، اپنی زندگی کو ان کی یاد کے شایانِ شان بنائیں۔
انہوں نےکیڈٹس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ دنیا کی ایک عظیم اور باوقار فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جو کسی سے کم نہیں، دشمن اپنے مذموم مقاصد کے لیے ہمارے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں، پاکستان کا دفاعی نظریہ با بھروسہ ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، جس میں تمام صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔