اہم ترین

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن: پاکستان کے 333 رنز جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں پر 185 رنز بنالیے

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 333 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں دوسرے دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ راولپنڈی میں جاری ہے، جہاں پاکستان پہلی اننگز میں شان مسعود کے 87، سعود شکیل کے 66 اور سلمان علی آغا کے 45 رنز کی بدولت 333 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

عبداللہ شفیق، شان مسعود اور سعود شکیل نے نصف سنچریز بنائیں، سلمان آغا بھی 45 رنز بناکر نمایاں رہے،جنوبی افریقی مہاراج نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مہمان ٹیم نے اننگز شروع کی تو رائن ریکلٹن 14 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوگئے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر ساجد خان کی گیند پر آوٹ ہوئے۔

ٹرسٹن اسٹبز اور پہلے ٹیسٹ میچ سنچری بنانے والے ٹونی ڈی زورزی نے اچھی شراکت قائم کی تاہم، ٹونی ڈی زورزی نصف سنچری بنانے کے بعد 55 رنز پر آصف آفریدی کی پہلی وکٹ بن گئے جب کہ ڈیوالڈ بریوس کو کھاتہ کھولے بغیر آصف آفریدی نے ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

دوسرے دن کے اختتام تک جنوبی افریقا کے ٹرسٹن اسٹبز 68 اور وکٹ کیپر بلے باز کائل ویرین 10 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، قومی ٹیم کی جانب سے آصف آفریدی نے 2، شاہین آفریدی اورساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان