ٹیکنالوجی کی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ایپل آئندہ برسوں میں اپنی آئی فون لائن اپ میں بڑی تبدیلیاں کرنے جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، کمپنی 2027 میں آئی فون کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر آئی فون 20 سیریز لانچ کرے گی، جبکہ وہ آئی فون 19 سیریز کو مکمل طور پر چھوڑ دے گی۔
ایپل اس تاریخی موقع کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ آئی فون 20 سیریز میں جدید ترین فیچرز کے ساتھ فل اسکرین ڈسپلے متعارف کرایا جائے گا۔ اس نئے ڈیزائن میں ڈائنامک آئی لینڈ یا نوچ جیسا کوئی کٹ آؤٹ نہیں ہوگا، اور فون کے فرنٹ پر کسی قسم کے بیزلز بھی موجود نہیں ہوں گے۔ یعنی صارفین کو ایک بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل گلاس ڈسپلے کا تجربہ ملے گا — بالکل ویسا ہی جیسے ایپل واچ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ایپل فی الحال تیزی سے تبدیلیوں کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ 2024 میں لانچ ہونے والی آئی فون 17 سیریز کے پرو ماڈلز میں طویل عرصے بعد نیا ڈیزائن متعارف کرایا گیا، جبکہ اسی سیریز میں کمپنی نے اب تک کا سب سے پتلا فون آئی فون ایئر بھی پیش کیا۔اگلے سال یعنی 2026 میں متوقع آئی فون 18 سیریز کے ساتھ فولڈ ایبل آئی فون بھی لانچ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایپل کسی آئی فون سیریز کو چھوڑنے جا رہی ہو۔اس سے قبل 2017 میں آئی فون کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر کمپنی نے آئی فون 9 سیریز کو چھوڑتے ہوئے براہِ راست آئی فون 10 لانچ کیا تھا۔
اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، ایپل 2027 میں آئی فون 19 سیریز کو چھوڑ کر 20 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔











