اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ عورت کی طرح مردوں کے پیسے بھی اڑ جاتے ہیں، ان کی کمائی میں بھی برکت نہیں ہوتی۔
اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، کمانا عورت کا کام نہیں جب کہ وہ پہلے بھی بیان دے چکی تھیں۔
ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں جب ثانیہ سعید سےاس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پہلے صائمہ قریشی سے پوچھا جانا چاہیے کہ وہ ’برکت‘ کسے کہتی ہیں اور ان کی نظر میں ’برکت‘ کیا ہوتی ہے؟
ثانیہ سعید کا کہناتھا کہ صائمہ قریشی کا کاروبار اچھا چل رہا ہے۔ انہوں نے بچوں کی تربیت بھی اچھی کی ہے اور وہ خود بھی اچھی ہیں لیکن ان کے بیان کا مقصد کچھ اور ہوگا، وہ عورت کی زندگی میں مرد کے حقیقی ساتھ کی بات کو پیسوں کی برکت سے جوڑتی ہوں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھاکہ ان کے مطابق یہ سچ ہے کہ عورت کو بھی مرد کا حقیقی سہارا اور ساتھ چاہیے اور عین ممکن ہے کہ صائمہ قریشی کو ایسا ساتھ نہ ملنے پر یہ محسوس ہوتا ہو کہ ان کے پیسوں میں برکت نہیں۔مردوں کی کمائی میں بھی برکت نہیں، وہ زیادہ پیسے خرچ کرتے ہیں، ان کے پیسے بھی اڑ جاتے ہیں، ان کے نقصانات بھی ہوتے ہیں۔
انہوں نے مثال دی کہ دیکھا جائے تو مردوں کے پیسے بھی اڑ جاتے ہیں، اگر کسی مرد نے اسٹاک ایکسچینج یا کسی دوسری جگہ سرمایہ کاری رکھی ہو اور وہاں نقصان ہوجائے تو کیا ہوگا؟











