پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے قانونی نوٹس اور معافی مانگنے کے مطالبے کے پرخچے اڑا دیے، ملتان سلطانز کے نوجوان مالک نے پی سی بی کے مطالبے پر سرعام ’معافی‘ تو مانگ لی مگر اس سے معاملہ مزید بگڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ملتان سلطانز کے مالک پی ایس ایل کے حوالے سے پی سی بی پر کڑی تنقید کررہے ہیں۔ جس پر پی سی بی نے انہیں نوٹس جاری کیا تھااور کہا تھاکہ وہ اپنی تنقید پر عوامی طور پر معافی مانگیں ۔ بصورت دیگر ان سے ملتان سلطانز کی ملکیت واپس لے لی جائے گی اور مستقبل میں انہیں بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
ایکس پر جاری ویڈیو میں علی ترین نے نوٹس پھاڑ دیا اور کہا کہ انہیں پی سی بی کی طرف سے آج تک ایک کال، ایک میسیج، ایک ای میل اور ایک دعوت نامہ موصول نہیں ہوا کہ جس میں ان سے مسائل دریافت کیے گئے ہوں اور مل بیٹھ کر انہیں حل کرنے کی بات کی گئی ہو، آپ اپنے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتے، آپ بس یہ چاہتے ہیں کہ ہم سب چپ کرکے بیٹھیں اور آپ کی کہی باتوں پر سرہلائیں، آپ تھوڑی سی بھی تنقید برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نےکہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ اس طرح کی دھمکیوں سے میں چپ ہوجاؤں گا تو یہ آپ لوگوں کی غلط فہمی ہے، کیونکہ میں اس لیگ سے محبت کرتا ہوں اور آپ لوگوں سے کہیں زیادہ اس سے محبت کرتا ہوں، کیونکہ یہ لیگ ہماری ہے، فینز کی ہے، پورے پاکستان کی ہے، جو آپ ڈھائی لوگ اسے چلارہے ہیں، آپ کی نہیں ہے۔
علی ترین نےکہا کہ میں معافی مانگتا ہوں کہ میں چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل بہتر ہو، میں معافی مانگتا ہوں کہ میں نے مسائل دیکھ کر آواز اٹھائی، میری غلط ہے کہ میں آپ کی اوسط درجے کی ذہنیت سے ناخوش ہوں، یہ میری غلطی ہے آپ کی نہیں ہے ۔











