اقوام متحدہ ادارے یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ ایڈورڈ بیگبیڈر نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی بچوں کی بقاء، سلامتی اور وقار کے لیے نہایت اہم موقع فراہم کرتی ہے، اور دنیا اس جنگ بندی کو ناکام ہونے نہیں دے سکتی۔
غزہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنے بیان میں بیگبیڈر نے کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے غزہ پٹی کو مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف الفاظ یا اعداد و شمار اس تباہی کی شدت کو بیان نہیں کر سکتے۔ یہ اثرات نسلوں تک قائم رہیں گے۔ ہم وقت کے خلاف دوڑ رہے ہیں تاکہ بچوں کی جانیں بچائی جا سکیں، جو غذائی قلت، بیماریوں اور سردیوں کی سختیوں جیسے قابلِ تدارک خطرات سے دوچار ہیں۔
بیگبیڈر نے مطالبہ کیا کہ غزہ کی تمام سرحدی گزرگاہیں کھولی جائیں اور امدادی ٹرکوں کے داخلے کے لیے کلیئرنس کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن بچوں کو خصوصی علاج کی ضرورت ہے، انہیں بغیر کسی تاخیر کے غزہ سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔











