بالی وڈ اداکار ارشد وارثی کہتے ہیں کہ کبھی کبھار ہم ہزار کوششوں کے باوجود بھی اپنے پیاروں کی مدد نہین کرسکتے ۔ اس کی ایک مثال وہ خودبھی ہیں۔
یوٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ارشد وارثی نے اپنی والدہ کے آخری لمحات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکار نے بتایا کہ والدہ کی بیماری کے دوران وہ مجھے بار بار پکار رہی تھیں، پانی مانگ رہی تھیں، لیکن میں نہیں دے سکتا تھا اور پھر وہ چل بسیں۔ یہ لمحات میرے لیے نہایت دردناک اور ناقابل بیان ہیں، اور ہمیشہ یاد میں رہیں گے۔
ارشد وارثی نے کہا کہ والدہ کی موت کے بعد ان کی زندگی میں بہت تبدیلی آئی اور یہ تجربہ ان کے لیے جذباتی اور نفسیاتی طور پر ایک بڑا سبق رہا۔ یہ واقعہ یہ یاد دلاتا ہے کہ زندگی میں کبھی کبھار ایسے لمحات آتے ہیں جب چاہ کر بھی ہم اپنے پیاروں کی مدد نہیں کر پاتے، اور یہ انسانی زندگی کا ایک نہایت حساس پہلو ہے۔
ارشد وارثی کے اس بیان پر مداحوں نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اللہ آپ کو صبر دے۔










