اہم ترین

گلگت بلتستان پاکستان کا تاج اور چین کے ساتھ دوستی کی علامت ہے: صدر آصف زرداری

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آپ نے نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ پاکستان کا پرچم دنیا کی بلند ترین چوٹیوں تک لہرایا۔ گلگت بلتستان پاکستان کا تاج اور چین کے ساتھ دوستی کی علامت ہے۔

گلگت میں ڈوگرہ راج سے آزادی کے 78ویں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ قراقرم ہائی وے پاکستان اور چین کی دوستی کی زندہ یادگار ہے جبکہ سی پیک نے علاقے کے عوام کے لیے روزگار، تجارت اور رابطوں کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سی پیک کے ثمرات علاقے کے ہر گاؤں اور وادی تک پہنچنے چاہییں تاکہ مشترکہ خوشحالی ممکن ہو سکے۔

صدر زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی آزادی ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی یاد دلاتی ہے۔ “جبکہ آپ پاکستان کے پرچم تلے آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، ہمارے کشمیری بھائی آج بھی بھارتی قبضے اور ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، جب تک وہ اپنی آزادی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حاصل نہیں کر لیتے۔”

صدر نے گلگت بلتستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس خطے کے بہادر عوام نے اپنی قوتِ بازو سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے تحریکِ آزادی گلگت بلتستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر زرداری نے بتایا کہ 1947ء کی آزادی کی جدوجہد میں 1700 افراد نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ 30 ہزار زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کی ترقی کو ترجیح دی۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 1974 میں ایف سی آر ختم کر کے ریاستوں کو ایک انتظامی یونٹ میں ضم کیا، جبکہ بینظیر بھٹو شہید نے گورننس کا نیا نظام متعارف کرایا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی، گورنر اور وزیرِ اعلیٰ کے دفاتر قائم کیے۔

صدر نے کہا کہ تعلیم، صحت، توانائی اور سیاحت کے فروغ کے لیے سہولتوں کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالامال خطہ ہے، جس میں پانی اور توانائی کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں، جبکہ سیاحت میں بھی وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ سیاحت کے فروغ کے لیے علاقے کی اپنی ایئرلائن شروع کی جا سکتی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ بھارت میں مسلم اقلیت بدترین مظالم کا شکار ہے، جبکہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی بصیرت ہی تھی جس کی بدولت آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔

پاکستان