اہم ترین

سلمان خان اور انوراگ کشیپ کے برسوں پرانے اختلافات ختم

بولی وُڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ ایک طرف وہ اپنی آنے والی فلم “بیٹل آف گلوان” کی وجہ سے موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر پر سامنے آئی ایک نئی رپورٹ نے مداحوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، سلمان خان نے مشہور فلم ساز انوراگ کشیپ کے ساتھ ایک نئی فلم کے لیے ہاتھ ملالیا ہے۔ یہ خبر اس لیے بھی حیران کن ہے کیونکہ انوراگ کے بھائی اور “دبنگ” کے ڈائریکٹر ابھینو کشیپ نے کچھ عرصہ قبل سلمان خان اور ان کے خاندان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

ابھینو کشیپ نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ خان خاندان نے ان کے کیریئر کو تباہ کرنے کی کوشش کی اور فلم انڈسٹری میں ان کے لیے کام حاصل کرنا مشکل بنا دیا۔ اس بیان کے بعد سے سلمان خان اور ابھینو کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے تھے۔

ایسے میں اب سلمان خان اور انوراگ کشیپ کا ایک ساتھ کام کرنا مداحوں اور فلمی حلقوں کے لیے ایک چونکانے والی خبر ہے۔ رپورٹس کے مطابق، اس ممکنہ فلمی معاہدے میں اداکار بابی دیول نے ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔

تاہم، اس فلم کے حوالے سے نہ سلمان خان اور نہ ہی انوراگ کشیپ کی طرف سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب، سلمان خان جلد ہی ڈائریکٹر اپوروا لکیہ کی فلم “بیٹل آف گلوان” میں نظر آئیں گے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ چترانگدا سنگھ، ابھلاش چودھری، اور انکور بھاٹیا بھی اہم کرداروں میں ہوں گے۔ اس فلم میں سلمان خان بھارتی فوج کے بہادر کرنل بی سنتوش بابو کا کردار نبھا رہے ہیں۔

پاکستان