امریکا میں وفاقی حکومت کے شٹ ڈاؤن کے باعث نادار افراد کے لئے خوراک کے حکومتی پروگرام (ایس این اے پی) کے لیے فنڈز معطل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، جس سے ہر آٹھ میں سے ایک امریکی شہری متاثر ہوسکتا ہے۔
ہیوسٹن کے رہائشی ایرک ڈنہمو ایک حادثے کے بعد معذور ہوگئے تھے، ان کا کہنا ہے کہ وہ مکمل طور پر فوڈ اسٹیمپ پر انحصار کرتے ہیں۔اگر مجھے فوڈ اسٹیمپ نہ ملے تو میں کھانا نہیں کھا سکتا۔ تمام اخراجات کے بعد میرے پاس صرف 24 ڈالر بچتے ہیں، جو بچوں کی پرورش میں خرچ ہوتے ہیں۔
یکم اکتوبر سے وفاقی حکومت کے بند ہونے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ فوڈ اسٹیمپ پروگرام کے لیے مزید فنڈز دستیاب نہیں ہوں گے — یہ پہلا موقع ہے جب چھ دہائیوں پرانے اس پروگرام کی فراہمی بند ہونے کا خدشہ ہے۔
البتہ ایک وفاقی جج نے حکومت کو ہنگامی فنڈز استعمال کر کے پروگرام جاری رکھنے کا حکم دیا، جس پر صدر ٹرمپ نے عمل کرنے کا عندیہ دیا۔ تاہم انتظامی تاخیر کے باعث کئی مستحقین کی امداد میں رکاوٹ پیش آئی۔
ہیوسٹن فوڈ بینک کے صدر برائن گرین کے مطابق، صرف ہیوسٹن میں تقریباً چار لاکھ پچیس ہزار خاندان اسنیپ پروگرام پر انحصار کرتے ہیں۔عدالت کے حکم کے باوجود فنڈز کی بحالی میں چند دن لگیں گے کیونکہ ریاستوں کے پاس رقم ختم ہوچکی تھی۔











