پاکستان نے 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز ہی بنا پائی۔ پاکستان نے 140 رنز کا ہدف 19 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔۔
جنوبی افریقی بیٹنگ لائن فیل
جنوبی افریقا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے کوئنٹن ڈی کاک اور لوان دری پریٹوریئس کو پویلین بھیج دیا۔ ابتدائی اوور میں ہی بغیر کسی رنز کے جنوبی افریقہ کو ٹاپ آرڈر کے دو کھلاڑیوں کا نقصان اُٹھانا پڑ گیا۔
اس کے بعد ٹو ڈاؤن آنے والے ڈیوالڈ بریوس نے 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔میتھیو بریٹزکے ایک، کپتان ڈونوان فریرا 29، جارج لنڈے صفر، ریزا ہینڈریکس 34، اینڈائل سمیلان 13، لیزاڈ ولیمز پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ وٹنیل بارٹمین صفر اور کاربن بوش 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کریز پر اترے۔ پاکستان کو پہلا نقصان آٹھ کے مجموعی سکور پر صائم ایوب کی صورت میں ہوا، وہ دوسرے اوور میں صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد صاحبزادہ فرحان ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنا کر ساتویں اوور میں آؤٹ ہو ئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ کپتان سلمان علی آغا کی صورت میں گری، وہ 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم ایک لمبے عرصے بعد فارم میں نظر آئے، وہ نو چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ محمد نواز پانچ اور حسن نواز صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان چھ اور فہیم اشرف چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔











