اہم ترین

ایشیا کپ 2025 تنازع: حارث رؤف پر 2 میچز کی پابندی، سوریا کمار یادیو سمیت دیگر پر جرمانے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ 2025 میں پاک-بھارت میچز کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فیصلہ سناتے ہوئے متعدد کھلاڑیوں کو سزا دے دی۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو 24 ماہ میں دوبارہ آرٹیکل 2.21 (کھیل کی بدنامی کا باعث بننے والا رویہ) کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور 2 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے، جس کے نتیجے میں وہ دو میچز کی پابندی کا شکار ہو گئے۔

اسی میچ میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور 2 ڈی میرٹ پوائنٹس ملے، جب کہ پاکستان کے بیٹر صاحب زادہ فرحان کو وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق 14، 21 اور 28 ستمبر کو کھیلے گئے پاک-بھارت میچز کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات پر سماعتیں میچ ریفریز رچی رچرڈسن اور اینڈی پائیکرافٹ نے کیں۔

21 ستمبر کے سپر فور میچ میں بھارتی فاسٹ باؤلر ارشدیپ سنگھ پر لگے الزامات ثابت نہ ہو سکے، لہٰذا انہیں بری کر دیا گیا، جب کہ 28 ستمبر کے فائنل میں جسپریت بمراہ نے نامناسب اشاروں پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ قبول کیا۔

ذرائع کے مطابق 14 ستمبر کو دبئی میں میچ کے بعد سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا اور پریزنٹیشن تقریب میں متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ “آج کی جیت بھارتی آرمی کے لیے پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں۔”

آئی سی سی کے قوانین کے تحت 24 ماہ میں 4 ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرنے پر کھلاڑی کو دو میچز کی معطلی کا سامنا ہوتا ہے۔ اس کے تحت حارث رؤف جنوبی افریقہ کے خلاف 4 اور 6 نومبر کے ون ڈے میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان