سعودی وزارت حج نے حج 2026 (1447ہجری)کےلیے غیر مسلم ملکوں سے آنے والے عازمین کے لیے باضابطہ طور پر رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس سال سے عازمین کسی درمیانی ایجنٹ یا ٹریول کمپنی کے ذریعے نہیں بلکہ براہِ راست سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم نسک کے ذریعے اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
سعودی وزارتِ حج نے واضح کیا ہے کہ نسک پلیٹ فارم عازمین کی رجسٹریشن، پیکیج کے انتخاب، ادائیگی، رہائش، اور ٹرانسپورٹیشن کے تمام مراحل کے لیے واحد مستند سرکاری نظام ہے۔
ابتدائی مرحلے میں عازمین اپنے اکاؤنٹ بنا کر رجسٹریشن کر سکتے ہیں، جب کہ پیکیج کے انتخاب اور بکنگ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
عازمین اپنی تفصیلات بشمول ملک، رابطے کا نمبر، اور شناختی دستاویزات فراہم کرنے کے بعد اپنی درخواست کا اسٹیٹس لاگ اِن ہو کر چیک کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ہر صارف اپنے اکاؤنٹ میں زیادہ سے زیادہ 7 اہلِ خانہ کا اندراج بھی کر سکے گا۔
وزارتِ حج کا کہنا ہے کہ نسک پلیٹ فارم ایک مکمل ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرتا ہے، جس میں رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی اور رہائش تک تمام مراحل محفوظ اور شفاف ہیں۔غیر مجاز ویب سائٹس، ٹریول ایجنٹس یا کسی فرد کے ذریعے درخواست یا ادائیگی نہ کریں، کیونکہ صرف نسک پلیٹ فارم کے رجسٹرڈ سروس پرووائیڈرز کو ہی حج بکنگ کی اجازت ہے۔











