اہم ترین

جاپان میں برڈ فلو: لاکھوں مرغیاں تلف کرنے کا فیصلہ

جاپان کی پولٹری صنعت ایک سنگین بحران کا سامنا کر رہی ہے کیونکہ ملک بھر میں خطرناک برڈ فلو تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ وائرس نہ صرف مرغیوں اور دیگر پرندوں کے لیے مہلک ہے بلکہ بعض اوقات انسانوں اور دیگر جانوروں کو بھی متاثر کر سکتا ہے، جس نے حکومت اور صنعت دونوں کے لیے تشویش پیدا کر دی ہے۔

سرکاری حکام نے منگل کو تصدیق کی کہ نائیگاٹا صوبے کے شہر تائینائی کے ایک بڑے پولٹری فارم میں ’ہائیلی پیتھوجینک ایویئن انفلوئنزا‘ (ایچ پی اے آئی) کی موجودگی پائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فارم میں موجود 6 لاکھ 30 ہزار مرغیوں کو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تلف کیا جائے گا۔ یہ واقعہ رواں سیزن میں جاپان میں برڈ فلو کا تیسرا بڑا کیس ہے۔

رپورٹس کے مطابق، پیر کی صبح فارم میں غیر معمولی تعداد میں مرغیوں کی اموات ہونے پر فوری طور پر تحقیقات شروع کی گئیں۔ ابتدائی ٹیسٹ میں ایچ-5 وائرس کی تصدیق ہوئی، جب کہ اب اس کے جینیاتی تجزیے کا عمل جاری ہے تاکہ وائرس کی شدت اور پھیلاؤ کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

اس سیزن کا پہلا کیس 22 اکتوبر کو ہوکائیدو کے شہر شیراوئی میں سامنے آیا تھا، جب کہ دوسرا کیس اسی صوبے کے اینیوا شہر میں رپورٹ ہوا۔ تازہ کیس تائینائی میں سامنے آنے کے بعد پولٹری سیکٹر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس وبا سے مرغی اور انڈے کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔

پاکستان