اہم ترین

بنگلادیش ویمنز کرکٹ میں ہراسانی: خاتون فاسٹ بالر کے انتظامیہ پر سنگین الزام

بنگلا دیش کی معروف خاتون فاسٹ بالر جہاں آرا عالم نے کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔

خاتون کرکٹر نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں الزام لگایا کہ جنوبی افریقا میں 2022 ویمنز ورلڈ کپ کے دوران اُس وقت کے سلیکٹر اور ٹیم منیجر منجور الاسلام نے اُنہیں اور دیگر کھلاڑیوں کو نامناسب انداز میں چھوا۔

جہاں آرا عالم کے مطابق منجور الاسلام اکثر حوصلہ افزائی کے بہانے لڑکیوں کو گلے لگاتے یا اپنے سینے سے لگاتے تھے، جو کہ سراسر نامناسب تھا۔ وہ پہلے بھی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو تحریری طور پر اس واقعے سے آگاہ کر چکی ہیں، مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

منجور الاسلام سابق فاسٹ بولر ہیں اور 1999 سے 2004 تک 12 ٹیسٹ اور 34 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں ۔ انہوں نے ان الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب جھوٹ ہے، جہاں آرا عالم کے الزامات کی تصدیق ٹیم کی دوسری لڑکیوں سےکی جاسکتی ہے

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 15 ورکنگ دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ایک محفوظ، باعزت اور پیشہ ورانہ ماحول کے لیے پُرعزم ہیں، اور اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔
بورڈ کے نائب صدر شاہقوات حسین نے تصدیق کی کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے، ہم اسے نظرانداز نہیں کر سکتے۔

جہاں آرا عالم نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 48 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کیں، اور وہ بنگلا دیش ویمن ٹیم کی سینئر ترین بولرز میں شمار ہوتی ہیں۔

پاکستان