ایشیا کپ ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان جاری تعطل کے بعد اب معاملات میں بہتری آتی نظر آ رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان رابطوں میں پیش رفت ہوئی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ تنازعہ جلد ہی باہمی افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا کے مطابق معاملے کو حل کرنے میں آئی سی سی کے سینئر عہدیدار بھی شامل ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے یہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہپورا ملک اور بی سی سی آئی ایشیا کپ ٹرافی کے حوالے سے پیش رفت کا انتظار کر رہے ہیں۔ اگر حالات مثبت سمت میں آگے بڑھتے رہے تو آنے والے دنوں میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔
دیوا جیت سائیکیا نے واضح کیا کہ آئی سی سی کے حالیہ اجلاس کے ایجنڈے میں ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ شامل نہیں تھا،تاہم آئی سی سی کے تعاون سے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ ایک علیحدہ ملاقات میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق دونوں بورڈز کے درمیان مثبت مکالمہ جاری ہے اور کوشش ہے کہ کسی متفقہ راستے پر جلد پہنچا جائے تاکہ ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق تمام ابہام دور ہوں۔











