اہم ترین

آنکھوں سے ظاہر ہوتی ہیں گردوں کے بیماری کی علامات: ماہرین

گردے ہمارے جسم کے سب سے محنتی اور اہم اعضا میں سے ایک ہیں، جو خون کو صاف کرتے اور مضر مادّوں کو جسم سے خارج کرتے ہیں۔ لیکن جب یہ صحیح طریقے سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، تو اس کے اثرات نہ صرف ہاتھوں اور پیروں پر بلکہ آنکھوں میں بھی ظاہر ہونے لگتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اکثر لوگ ان علامات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جو کہ گردوں کی مکمل خرابی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

آنکھوں کے نیچے یا اوپر سوجن

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے نیچے یا اوپری پلکوں پر سوجن گردے کے نقصان کی سب سے عام اور نمایاں علامت ہے۔ صحت مند گردے خون میں پروٹین (خاص طور پر البومین) محفوظ رکھتے ہیں، لیکن جب گردے کمزور ہوجائیں تو یہ پروٹین پیشاب کے ذریعے خارج ہونے لگتا ہے۔ خون میں پروٹین کی کمی سے جسم میں سیال جمع ہونے لگتا ہے، جو سب سے پہلے آنکھوں کے ارد گرد سوجن کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔

آنکھوں میں خارش اور سرخی

اگر آنکھوں میں مستقل خارش، جلن یا سرخی محسوس ہو تو یہ بھی گردوں کے خراب ہونے کی علامت ہو سکتی ہے۔ گردے فیل ہونے کی صورت میں خون میں ٹاکسن اور یوریا کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جو جسم کے مختلف حصوں میں جمع ہوکر خارش پیدا کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس حالت کو یوریمک پروریٹس کہا جاتا ہے، جو کڈنی فیل ہونے کی ایک نمایاں نشانی ہے۔

دھندلی بینائی اور آنکھوں میں خون آنا

کڈنی کی بیماری اکثر ہائی بلڈ پریشر کا سبب بنتی ہے، جو آنکھ کے پچھلے حصے میں موجود نازک خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اس کیفیت کو ریٹینوپیتھی کہا جاتا ہے، جس سے بینائی دھندلی ہو سکتی ہے۔ اگر آنکھوں میں اچانک خون آنا یا سفید حصے پر سرخ دھبے ظاہر ہوں تو یہ بھی خطرے کی گھنٹی ہے، کیونکہ ہائی بلڈ پریشر ان نازک رگوں کو پھاڑ سکتا ہے۔

ماہرین کا مشورہ

اگر آپ کو آنکھوں کے نیچے سوجن، خارش، سرخی یا دھندلی بینائی جیسی علامات محسوس ہوں تو انہیں معمولی نہ سمجھیں۔ یہ گردوں کے نقصان کی ابتدائی نشانی ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت تشخیص اور علاج سے گردے کی بیماری کے بڑھنے سے بچا جا سکتا ہے۔ فوراً ماہرِ امراضِ گردہ یا آنکھوں کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

پاکستان