ہانگ کانگ سکسز کے فائنل میں پاکستان نے کویت کو 43 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ہانگ کانگ میں کھیلے گئے ہانگ کانگ سکسز ٹورںامنٹ کے فائنل میں کویت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
کپتان عباس آفریدی 52 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ عبدالصمد 42، خواجہ نافع 22 اور شاہد عزیز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔معاذ صداقت 10 اور محمد شہزاد 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم 92 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ میت بھاؤسار 33 اور عدنان ادریس 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 3 جبکہ محمد شہزاد، عباس آفریدی اور عبدالصمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل سب سے زیادہ اپنے نام کرنے والا ملک بن گیا ہے، شاہیوں نے یہ ٹورنامنٹ 6 مرتبہ اپنے نام گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہانگ کانگ سپر سکسز ٹائٹل جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے مہارت، جذبےاور ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا۔











