اہم ترین

پاک سری لنکا ون ڈے میچز اور سہ ملکی سیریز کا شیڈول تبدیل

پاکستان میں تین ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز 18 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی، جس میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ سیریز کے تمام میچ اب راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے، جب کہ پہلے کچھ میچ لاہور میں شیڈول تھے۔

پی سی بی کے مطابق دوسرا ون ڈے میچ، جو 13 نومبر کو ہونا تھا، اب 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اسی طرح تیسرا ون ڈے، جو پہلے 15 نومبر کو طے تھا، 16 نومبر کو منتقل کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے خریدی گئی ٹکٹس نئی تاریخوں پر بھی قابلِ استعمال ہوں گی۔

تین ملکی سیریز کا افتتاحی میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 18 نومبر کو ہوگا، تمام میچوں کا آغاز شام چھ بجے کیا جائے گا۔ ہر ٹیم چار چار میچ کھیلے گی، جب کہ فائنل 29 نومبر کو ہوگا۔

پی سی بی نے شائقین کرکٹ کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شائقین بڑی تعداد میں اس دلچسپ سیریز سے لطف اندوز ہوں گے۔

دوسری جانب، اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکے کے بعد سری لنکن ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث وطن واپس جانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ تاہم سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے بدھ کی رات تصدیق کی کہ کھلاڑیوں کے تحفظ سے متعلق تمام خدشات دور کردیے گئے ہیں اور دورہ معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

ایس ایل سی کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی یا ٹیم کا رکن واپس جانا چاہے تو متبادل کھلاڑی بھیجنے کا انتظام موجود ہے، تاہم تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور سکیورٹی اداروں کی یقین دہانی کے بعد دورہ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں چھ کھلاڑی زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد طویل عرصے تک غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان کے دورے سے گریز کیا تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ سیریز کے لیے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

پاکستان