اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں منگل کے روز جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کی رات گئے سول انٹیلیجنس اداروں نے راولپنڈی میں بڑی کارروائی کے دوران سہولت کار کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک پراچہ سے جبکہ ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا۔
خودکش حملے سے قبل سہولت کار اور حملہ آور نے متعدد بار اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کی ریکی کی تھی، جبکہ راولپنڈی کینٹ کے اہم مقامات کا بھی سروے کیا تھا۔ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے سہولت کار کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، جب کہ دونوں کی گرفتاری حادثے کے 40 گھنٹوں کے اندر عمل میں آئی۔
واضح رہے کہ منگل کو ہونے والے خودکش دھماکے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے تھے۔











