اہم ترین

ترمیم میں بھی ترمیم ۔۔۔ 27ویں ترمیم کی اضافی شقیں سینیٹ سے منظور

سینیٹ نے قومی اسمبلی سے منظور کی گئی 27ویں آئینی ترمیم کی اضافی شقیں دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایوان بالا وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بل کی حتمی منظوری کی تحریک پیش کی، 27ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کی شق وار منظوری دی گئی۔

وزیر قانون نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار رہے گا، موجودہ چیف جسٹس اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، کچھ وضاحتیں ضروری تھیں، اس وجہ سے مزید ترامیم پیش کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 غداری سے متعلق ہے، اگر کوئی طاقت سے آئین کو پامال کرتا ہے، آرٹیکل 6 کے مرتکب افراد کو کوئی عدالت توثیق نہیں دے گی۔

سینیٹ نے دو تہائی اکثریت سے ترامیم کی شق وار منظوری دی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ جب کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے 4 سینیٹرز نے مخالفت میں ووٹ دیے، تاہم پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی (ف) کے سینیٹر احمد خان نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید شقوں کی منظوری دینے پر تمام سینیٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دعا ہے کہ یہ ساری کارروائی ملکی بہتری کے لیے استعمال ہو۔

پاکستان