اہم ترین

میرا کام گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے جواب دینا نہیں: بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے کہاہے کہ میرا کام گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، جواب دینا میرا کام نہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ فینز نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے، اور یہی سپورٹ انہیں حوصلہ دیتی ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیریز میں اچھا آغاز ملا تھا مگر بدقسمتی سے وہ اس فارم کو برقرار نہ رکھ سکے۔ اننگز کا آغاز فخر کے ساتھ بہترین کھیلنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ کیا، اور حالات کے مطابق کھیل کر خود کو واپس لانے میں کامیاب ہوا۔

بابر اعظم کے مطابق سنچری ہمیشہ بیٹر کو اعتماد دیتی ہے۔ یہ ایک طویل سفر تھا، وہ مسلسل محنت کر رہے تھے اور اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

اپنی فارم پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بابر اعظم نے کہاکہ جب کھلاڑی پرفارم نہیں کر رہا ہوتا تو ذہن میں مختلف خیالات آتے ہیں۔ مگر میں نے تنقید کو نظرانداز کرکے خود کو بہتر کرنے پر توجہ دی۔

بابر اعظم نے مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی فٹنس بہتر کرنے پر خصوصی کام کیا۔ ہر روز پلان کے مطابق محنت کریں تو نتیجہ لازمی ملتا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں خود پر اعتماد رکھنا ضروری ہے، کیونکہ اسی اعتماد سے حالات بہتر ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنے قریبی کوچز شاہد اسلم، منصور رانا اور خاندان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر وقت ان کا ساتھ دیا۔

فینز اور ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سب نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور یہی ان کے لیے بڑا بوسٹ تھا۔

اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرا کام گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، جواب دینا میرا کام نہیں۔ میرا مقصد ٹیم کو جتوانا ہے، ریکارڈ خود بنتے رہتے ہیں۔

بابر اعظم کی یہ پریس کانفرنس ان کے عزم، حوصلے اور محنت کی جھلک پیش کرتی ہے، جہاں انہوں نے واضح کیا کہ وہ تنقید کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں اور ٹیم کی کامیابی کو سب سے اہم سمجھتے ہیں۔

پاکستان