اہم ترین

جنوبی افریقا سے ٹیسٹ میں شکست پر بھارت کو ڈبلیو ٹی سی ٹیبل میں بھی نقصان

بھارت میں کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کےپہلے میچ میں جنوبی افریقا سے ٹیسٹ میں شکست پر بھارت کو ڈبلیو ٹی سی ٹیبل میں بھی نقصان ہوا ہے۔

گزشتہ روز خود کو کرکٹ کاچوہدری سمجھنے والےبھارت کو کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کےہاتھوں 30 رنز سے شکست ہوئی۔

جنوبی افریقا نے پندرہ سال بعد بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔ ٹیمبا باؤما کی قیادت میں مہمان ٹیم نے بھارت کو جیت کے لیے محض 124 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 93 رنز پر سمٹ گئی۔

اس غیر متوقع شکست نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (2025–27) کے پوائنٹس ٹیبل پر بھی بھارتی پوزیشن کو متاثر کیا ہے۔ بھارت، جو اس میچ سے قبل تیسرے نمبر پر تھا، اب 54.17 فیصد پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ موجودہ چیمپئن شپ میں بھارت کو یہ تیسری شکست کا سامنا ہے—دو انگلینڈ میں اور ایک کولکاتہ میں۔

دوسری جانب جنوبی افریقا اس تاریخی کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے اور اس کے پوائنٹس 66.67 فیصد ہو چکے ہیں۔ آسٹریلیا تینوں میچ جیت کر 100 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے، جبکہ سری لنکا ایک جیت اور ایک ڈرا کے ساتھ تیسرے نمبر پر قابض ہے۔ پاکستان پانچویں، انگلینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور نیوزی لینڈ نواں نمبر سنبھالے ہوئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ کے لیے یہ شکست کئی سوالات چھوڑ گئی ہے۔ کوچ گوتم گمبھیر کے دور میں دوسری مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر ٹیم 150 رنز سے کم ہدف بھی حاصل نہیں کر پائی۔ اس سے قبل گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف 147 رنز کے تعاقب میں بھی بھارت ناکام رہا تھا—جو 21ویں صدی میں کسی بھی ٹیم کے لیے غیر معمولی ناکامیوں میں سے ایک ہے۔

پاکستان