اہم ترین

میٹا کا بڑا قدم: اے آئی استعمال نہ کرنے والے ملازمین کی پرفارمنس ریٹنگ ہو گی کم

مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے پیش نظر ٹیک کمپنی میٹا نے اپنے ملازمین کو ایک اہم پیغام دیا ہے اگر آپ اپنے مینیجر کو متاثر کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اے آئی کا استعمال بہتر کرنا ہو گا۔ کمپنی اگلے سال سے ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ ان کے کام میں اے آئی کے اثرات سے جوڑنا شروع کر دے گی۔

بزنس انسائیڈر کے ایک اندرونی میمو کے مطابق، میٹا کی ہیڈ آف پیپل، جنیل گیل نے ملازمین کو بتایا ہے کہ 2026 سے اے آئی کا استعمال ایک “بڑی امید” بن جائے گا۔ کمپنی چاہتی ہے کہ ہر ملازم، خواہ وہ انجینئرنگ، مارکیٹنگ یا آپریشنز کے شعبے میں ہو، یہ واضح کرے کہ وہ اپنے کام کو ‘سمارٹ، تیز اور بہتر’ بنانے کے لیے اے آئی کا استعمال کیسے کر رہا ہے۔

میمو کے مطابق، میٹا ملازمین کا جائزہ اس بنیاد پر کرنا شروع کرے گا کہ وہ نتائج فراہم کرنے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے والے ٹولز بنانے کے لیے اے آئی کو کتنے مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، کمپنی ملازمین کو اس نئے معیار کے لیے تیار ہونے کے لیے تقریباً ایک سال کا وقت دے رہی ہے۔

رواں برس یعنی 2025 کے پرفارمنس ریویو میں اے آئی میٹرکس مکمل طور پر شامل نہیں ہوں گے، لیکن ملازمین کو اپنی کاکردگی کے خود جائزے میں اے آئی سے حاصل کردہ نتائج کی مثالیں شامل کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

گیل نے اپنے نوٹ میں لکھا ہے کہ 2025 میں ہم ان لوگوں کو نوازیں گے جنہوں نے اپنے کام یا اپنی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لا کر اے آئی کے ذریعے اثر ڈالا ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ جو ملازمین ورک فلو کو بہتر بنانے، ترقی میں تیزی لانے، یا بہتر اندرونی نظام بنانے کے لیے اے آئی کا استعمال کرتے ہیں، انہیں ہائی ریٹنگ یا بونس مل سکتا ہے۔ 2026 تک، اے آئی کے اثر کو مکمل طور پر پرفارمنس کے سالانہ جائزے میں شامل کر لیا جائے گا۔

اس عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے، میٹا اپنے ملازمین کو ریویو اور فیڈ بیک لکھنے میں مدد دینے کے لیے ایک اے آئی پرفارمنس اسسٹنٹ بھی متعارف کرا رہا ہے۔

یہ سسٹم اسی ماہ شروع ہو گا اور میٹا کے اندرونی اے آئی بوٹ ‘میٹامیٹ’کے ساتھ منسلک ہو گا۔ ملازمین کارکردگی کا خلاصہ تیار کرنے میں مدد کے لیے گوگل کے ‘جیمنائی’ جیسے ٹولز کا استعمال بھی کر سکتے ہیں۔

پاکستان