اہم ترین

پاکستانی آئی ٹی سیکٹر کی اُڑان : برآمدات کا نیا ریکارڈ بنا دیا

پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر نے اکتوبر 2025 میں تاریخ کی بلند ترین ماہانہ برآمدات ریکارڈ کرتے ہوئے 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر حاصل کیے، جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ہوئی ہے۔ اس سے قبل ستمبر 2025 میں آئی ٹی برآمدات 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں، جس کے مقابلے میں اکتوبر میں 5.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی سیکٹر نے گزشتہ ایک سال میں مجموعی طور پر 17 فیصد ترقی حاصل کی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے ڈیٹا کے مطابق مالی سال 2026 کے ابتدائی چار مہینوں میں آئی ٹی برآمدات 1 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جب کہ گزشتہ مالی سال 2025 کے اسی عرصے میں یہ حجم 1 ارب 20 کروڑ ڈالر تھا۔ اس طرح رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

ماہرین کے مطابق غیر ملکی کرنسی کے اکاؤنٹس میں برآمدکنندگان کے لیے رقم کی حد 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا حکومتی فیصلہ آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافے کا اہم سبب بنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں استحکام نے بھی آئی ٹی برآمدکنندگان کے اعتماد میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر سیکٹر کی کارکردگی بہتر ہوئی۔

پاکستان کا آئی ٹی شعبہ مسلسل ترقی کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہے، اور ماہرین اسے ملکی برآمدات کے لیے مستقبل کا سب سے مضبوط ستون قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان