قومی کرکٹر بابر اعظم کو کھیل کے دوران غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بابر اعظم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جب کہ ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بابر اعظم آؤٹ ہونے کے بعد شدید مایوسی اور غصے میں اسٹمپس کو بیٹ سے نشانہ بنانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ میچ آفیشلز نے اس رویے کو کھیل کی روح کے منافی اور آئی سی سی کے لیول 1 ضابطے کی خلاف ورزی قرار دیا۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت اسٹمپس، پچ یا گراؤنڈ کی کسی چیز پر غصہ نکالنا، غیر ضروری جارحانہ انداز اپنانایا ایسا نظم وضبط کے خلاف رویہ اختیار کرنا جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹ کا سبب بن سکتا ہے۔
میچ ریفری نے شواہد اور گفتگو کے بعد بابر اعظم کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی، جسے آئی سی سی نے فوراً منظور کرلیا۔ بابر اعظم نے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے مزید سماعت کی درخواست نہیں کی۔
آئی سی سی کے قواعد کے مطابق اگر کسی کھلاڑی کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد مخصوص حد تک پہنچ جائے تو اس پر ایک یا زیادہ میچز کی پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ بابر اعظم کے لیے یہ صورتحال مستقبل میں اہم بن سکتی ہے، اگر وہ دوبارہ کسی خلاف ورزی کا مرتکب پائے گئے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق بابر اعظم عام طور پر پرسکون مزاج کے کھلاڑی ہیں، تاہم شدید دباؤ میں یہ ردِعمل ظاہر ہوا، جس کے باعث انہیں سز ا کا سامنا کرنا پڑا۔











