اہم ترین

ایلون مسک کا نیا چیٹ بوٹ گروک 4.1 لانچ: جھوٹی معلومات میں کمی کا دعویٰ

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت کے تحت ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے ۤآئی نے اپنے چیٹ بوٹ گروک کا جدید ترین ورژن گروک4.1 جاری کر دیا ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اپ گریڈ نہ صرف غلط معلومات کی پیداوار کو نمایاں حد تک کم کرے گا بلکہ اس کی تخلیقی صلاحیتوں اور جذباتی سمجھ بوجھ میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ایکس اے آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں سب سے بڑا دعویٰ یہ ہے کہ گروک4.1 میں من گھڑت معلومات اور غلط بیانی کے امکانات کو پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں تقریباً تین گنا کم کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بہتری نئے تربیت کے طریقوں اور نظام میں شامل کیے گئے بہتر حفاظتی فلٹرز کا نتیجہ ہے۔ اس تبدیلی کا مقصد ماڈل کو زیادہ مستحکم اور ذمہ دار بنانا ہے۔

کمپنی کے مطابق، گروک 4.1 کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ سنسنی خیز ہیڈلائن اسٹائل معلومات فراہم کرنے سے گریز کرے گا، جو غلط تاثر پیدا کر سکتی ہے۔

ایکس اے آئی اس ماڈل کو زیادہ ذمہ دار اور صحافتی معیار کے قریب لانے کی کوشش قرار دے رہا ہے۔

ایلون مسک کی ٹیک کمپنی کا مؤقف ہے کہ نئے ورژن میں تخلیقی صلاحیتیں، انسانی جذبات کی سمجھ، اور مشترکہ کام کرنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

یہ نیا ماڈل پیچیدہ تحریری اسائنمنٹس اور پروجیکٹس کو زیادہ مؤثر طریقے سے سنبھالنے کی بہتر صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر ایکس اےآئی کے یہ دعوے درست ثابت ہوئے تو گروک 4.1 مارکیٹ میں موجود دیگر بڑے چیٹ بوٹس جیسے اوپن اےآئی کے ماڈلز کے مقابلے میں ایک مضبوط اور اہم حریف کے طور پر سامنے آ سکتا ہے۔

پاکستان