اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نہ صرف ماہانہ بلکہ مجموعی بنیادوں پر بھی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ بہتری سامنے آئی ہے۔
بیانات کے مطابق اکتوبر 2025 میں غیر ملکی سرمایہ کاری 178.9 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ سال اکتوبر میں 145.9 ملین ڈالر تھی۔ اس طرح سالانہ بنیادوں پر سرمایہ کاری میں واضح اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 273.7 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے ابتدائی چار مہینوں (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 747.7 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر 2025 میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ شامل رہے۔ چین 38.2 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں یہ اضافہ پاکستان کی معیشت میں استحکام اور کاروباری ماحول میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، پالیسیوں میں شفافیت لانے اور کاروباری ماحول بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے مزید پرکشش مارکیٹ بنتا جا رہا ہے۔











