بچے کیا چاہتے ہیں؟ مزہ، حیرت اور کبھی کبھار کچھ ایسا جسے بڑے کرنے سے کتراتے ہیں۔ مگر سوئیڈن کے مارٹن اسٹروبی نامی اس باپ نے اپنے بچوں کی خواہش پوری کرکے دنیا کو حیران کر دیااور وہ بھی ناک کے ذریعے۔
مارٹن کے دو بچے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب دیکھ رہے تھے کہ اچانک اپنے والد سے بول اٹھے کہ اگر آپ کا نام بھی اس کتاب میں ہوتا تو کتنا مزیدار ہوتا۔۔
مارٹن نے بچوں کی یہ بات دل پر لے لی اور سوچا کہ آخر دنیا کا کون سا ریکارڈ ایسا ہے جو وہ توڑ سکتے ہیں؟ تلاشو بسیار کے بعد ناک میں ماچس کی تیلیاں ڈالنے کے ریکارڈ پرنظریں جمالیں۔
مارٹن نے آزمائش کے طور پر ایک نتھنے میں 35 تیلیاں فِٹ کرکے دیکھیں، اور جب یہ مشن کامیاب رہا، تو وہ پورے عزم کے ساتھ میدان میں اُتر گئے۔
اگست میں انہوں نے دونوں نتھنوں میں مجموعی طور پر81 تیلیاںایک ساتھ ڈال کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
مارٹن کے نزدیک یہ ان کی خداداد صلاحیت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے پتہ چلا کہ میں اپنے نتھنوں کو کافی کھینچ سکتا ہوںاور درد کو بھی کافی حد تک برداشت کر لیتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ شروع میں کئی تیلیاں اندر جاتی تھیں تو دو تین باہر گر جاتی تھیں، لیکن مسلسل پریکٹس کے بعد انہوں نے ایک ایسا خاص زاویہ ڈھونڈ لیا جس نے ان کی کامیابی یقینی بنا دی۔
ریکارڈ بناتے وقت مارٹن کے ارد گرد لوگوں کی چھوٹی سی بھیڑ اکٹھا ہو گئی، مگر ان کے لیے اصل ناظرین بیٹا اور بیٹی تھے۔
مارٹن کہتے ہیں کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے مجھ پر اسی طرح فخر کریں جیسے میں اپنے والد پر کرتا ہوں۔
مارٹن کہتے ہیں کہ وہ اپنےبچوں کو صرف سائنس، فطرت اور انسانیت کا درس نہیں دینا چاہتا بلکہ یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ ان کا باپ واقعی زبردست ہے۔ وہ خود تو ابھی پکے نہیں کہ اگلا ریکارڈ کیا ہوگا، مگر انہیں لگتا ہے کہ بچے ضرور انہیں کسی نئی مہم کیلئے تیار کر لیں گے۔











