اہم ترین

لبنان میں فلسطینی مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 13 افراد جاں بحق

جنوبی لبنان کے شہر صیدا کے مضافات میں واقع فلسطینی مہاجر کیمپ عین الحلوة پر اسرائیلی فضائی حملے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق حملہ منگل کی شام کیا گیا، جبکہ تفصیلات بدھ 19 نومبر کو جاری کی گئیں۔ حکام کے مطابق یہ حملہ گزشتہ سال اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہونے والی فائر بندی کے بعد سب سے ہلاکت خیز کارروائی ہے۔

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک جنگی ڈرون کے ذریعے کیمپ میں ایک مسجد کے پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے کے فوراً بعد امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے، تاہم صحافیوں کو متاثرہ مقام تک رسائی نہ دی گئی۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ نشانہ بنایا گیا مقام حماس کے ایک ٹریننگ کمپاؤنڈ کے طور پر استعمال ہو رہا تھا، جہاں اسرائیل پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب حماس نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ کوئی عسکری مرکز نہیں بلکہ کھیلوں کا میدان تھی۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے جنوبی لبنان میں کیے گئے ایک الگ فضائی حملے میں ایران نواز ملیشیا حزب اللہ کے دو اہم ارکان کو ہلاک کیا ہے۔

لبنان میں حملوں میں اچانک اضافہ خطے میں پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے، جبکہ ملکی حکومت اور میڈیا نے ہلاکتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان