بالی وڈ کے درخشاں ستاروں میں شمار کیے جانے والے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے بھارتی فلم انڈسٹری سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے چاہنے والوں کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
بالی ووڈ میں ’ہی مین‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر نے اپنی شاندار اداکاری، دلکش شخصیت اور منفرد اسکرین موجودگی کے ساتھ چھ دہائیوں پر محیط ایک سنہری سفر طے کیا۔ ان کا فنی سفر ایک پنجاب کے چھوٹے سے قصبے کے عام لڑکے سے لے کر بھارتی سنیما کے عظیم ترین اداکاروں میں سے ایک بننے تک کی قابلِ ستائش اور متاثر کن کہانی ہے۔
اپنے کریئر کے دوران دھرمیندر نے متعدد لازوال کردار نبھائے، جو آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کی فلمیں، مکالمے اور اسٹائل بھارتی سنیما کی تاریخ کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔
اداکار کے انتقال کی خبر کے بعد بالی وڈ کے فنکاروں، فلم سازوں اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سب نے انہیں ایک بہترین اداکار، شاندار انسان اور حقیقی لیجنڈ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دھرمیندر کے انتقال سے بھارتی فلم نگری ایک درخشاں ستارے اور عظیم فنکار سے محروم ہوگئی ہے، جس کا خلاء عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا۔
چند روز قبل بھارتی میڈیا نے تصدیق کے بغیر ہی دھرمیندر کے انتقال کی خبر نشر اور شائع کردی تھیں۔ جس پر ان کے اہل خانہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔











