اہم ترین

غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں: پاکستان کا سلامتی کونسل میں بھرپور احتجاج

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے غزہ کی تباہ حال صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا نے غزہ میں ایک تباہ کن جنگ کو انتہائی کرب اور حیرت کے ساتھ دیکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھوک سے نڈھال فلسطینی عوام پر ناقابلِ بیان مصیبتیں ڈھائی گئی ہیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اب تک 300 سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اب بھی گھروں کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ شدید خوف و دہشت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

پاکستانی مندوب نے موقف اختیار کیا کہ غزہ امن عمل میں شمولیت کی وجہ یہ ہے کہ یہ فلسطینی ریاست کے قیام کی طرف ایک واضح راستہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کا عمل بغیر کسی تاخیر کے شروع ہونا چاہیے، جبکہ کسی بھی حالت میں الحاق یا جبری بے دخلی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کی جغرافیائی وحدت ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔

عاصم افتخار نے اسرائیل کی غیر قانونی آباد کاری کے پھیلاؤ کو فوراً روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں پر احتساب یقینی بنایا جانا چاہیے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاکستان