اہم ترین

دنیا بھر کے کتوں میں بھیڑیوں کا ڈی این اے

امریکی سائنس دانوں نے پیر کے روز ایک غیر متوقع دریافت کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق دنیا بھر میں موجود تقریباً دو تہائی (64 فیصد) کتے کی نسلوں میں بھیڑیے کا ڈی این اے پایا جاتا ہے۔ یہ جینیاتی مواد صرف قدیم دور کا باقی ماندہ نہیں، بلکہ شواہد بتاتے ہیں کہ گزشتہ چند ہزار سالوں کے دوران گھریلو کتوں اور جنگلی بھیڑیوں کے درمیان ملاپ ہوا ہے۔

پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز (پی این اے ایس) میں شائع تحقیقی مطالعے کے شریک سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بھیڑیے کے ڈی این اے نے جدید کتوں کی جسامت، سونگھنے کی صلاحیت اور حتیٰ کہ ان کی شخصیت تک پر اثر ڈالا ہے۔ اگرچہ عام طور پر سمجھا جاتا تھا کہ ایک کتے کو کتا رہنے کے لیے بھیڑیے کا جینیاتی مواد نہ ہونے کے برابر ہونا چاہیے، مگر یہ تحقیق اس خیال کو بدل دیتی ہے۔

سائنس دانوں نے عوامی ڈیٹا بیس میں موجود ہزاروں کتوں اور بھیڑیوں کے جینومز کا تجزیہ کیا تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ ان کے درمیان جینیاتی ملاپ کب اور کس حد تک ہوا۔

اس تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ 64 فیصد سے زائد جدید نسلوں میں بھیڑیے کی وراثت موجود ہے۔ چیکوسلواکیہ وولف ڈاگ اور سالوس وولف ڈاگ میں بھیڑیے کا ڈی این اے سب سے زیادہ، یعنی 40 فیصد تک پایا گیا۔ حتیٰ کہ کتوں کی سب سےچھوٹی نسل چی ہواہوا میں بھی تقریباً 0.2 فیصد بھیڑیے کا ڈی این اے پایا گیا۔

مطالعے کی سربراہ مصنفہ آڈری لن کے مطابق پہلے یہ خیال سائنسی طور پر غالب تھا کہ اگر کسی کتے میں بھیڑیے کا ڈی این اے ہو تو وہ مکمل طور پر کتا نہیں رہتا۔

تحقیق کے شریک مصنف اور اسمتھ سونین میوزیم آف نیچرل ہسٹری کے کیوریٹر لوگن کسٹلر نے کہا کہ بھیڑیوں اور کتوں کے درمیان تعلق ایک ارتقائی اور تاریخی عمل کا حصہ ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں انسانی آبادیوں کے آس پاس رہنے والے دیہی یا گلی محلے کے تمام کتوں میں بھیڑیے کا جینیاتی حصہ موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق ان کتوں کے جنگلی بھیڑیوں سے میل جول کے زیادہ مواقع ہوتے ہیں، جس کے باعث یہ وراثت ان میں منتقل ہوئی۔لیکن سائز کا تعلق ہمیشہ اس ڈی این اے سے نہیں ملا مثلاً بڑے سینٹ برنارڈ میں بالکل بھی بھیڑیے کا جینیاتی مواد نہیں پایا گیا۔

جن کتوں میں بھیڑیے کا ڈی این اے کم یا نہ ہونے کے برابر تھا، انہیں زیادہ تر دوستانہ، تربیت کے قابل اور پیار کرنے والی نسلوں کے طور پر بیان کیا گیا۔جبکہ جن نسلوں میں بھیڑیے کا تناسب زیادہ تھا وہ عموماً غیر مانوس افراد سے محتاط، خودمختار، وقار رکھنے والی یا علاقائی سمجھی جاتی ہیں۔

پاکستان